۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ / شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر حجت الاسلام والمسلمین علامہ عارف حسین واحدی نے سردار سید ریاض حسین شاہ کی طرف سے منعقدہ عظیم الشان جشن میلاد میں شرکت کی اور خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر حجت الاسلام والمسلمین علامہ عارف حسین واحدی نے سردار سید ریاض حسین شاہ کی طرف سے منعقدہ عظیم الشان جشن میلاد میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ حاضرین میں تمام مسالک کے عوام،عمائدین اور علماء کرام شریک تھے۔ اتحاد بین المسلمین کا خوبصورت اجتماع تھا۔ نعت خواں حضرات نے نعت خوانی کی۔ علماء کرام نے شان حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و اہل بیت اطہار علیہم السلام پر خوبصورت خطابات کیے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے خطاب میں اس خوبصورت اور عظیم الشان اجتماع کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دور میں جب مسلمانوں کو آپس میں لڑانے اور تقسیم کرنے والے کثرت سے پائے جاتے ہیں وہاں جناب سید ریاض حسین شاہ صاحب جیسی مخلص شخصیات موجود ہیں جو امت کو جوڑنے اور ان کی صفوں میں وحدت پیدا کرنے کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا: یقینی طور پر یہ کام اللہ تعالی کے ہاں بہت بڑی عبادت شمار ہوتا ہے چونکہ اتحاد کی کوششیں امت کو دشمن اسلام قوتوں کے مقابلے میں مضبوط کرنے کا سبب بنتی ہیں اور مسلمانوں میں انتشار اور فرقہ واریت پھیلانا امت کی کمزوری اور دشمن کی مضبوطی کا سبب بنتا ہے۔ ہم حضور کے امتی اور پیروکار ہیں حضور اکرم (ص) "رحمۃ للعالمین" ہیں ہمیں تمام انسانوں میں محبت و اخوت عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے موجودہ ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: سیاست کا فلسفہ تدبیر مدُن ہے یعنی معاشرے کو بہترین انداز میں ترقی کی طرف لے جانا، معاشرے میں بسنے والے انسانوں کے لیے ریلیف فراہم کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا ہے۔ مگر افسوس کہ ہمارے ملک میں سیاسی قوتوں نے حصول اقتدار کی جنگ میں عوام کی بھلائی کے لئے کام کرنے کی بجائے ان کی مشکلات اور بے چینیوں میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: حکمران ہوں یا اپوزیشن؛ سب نے عوام کو اپنے اقتدار کے لئے سیڑھی کے طور پر استعمال کیا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔ جس کو موقع ملا اس نے ملکی مشکلات کو حل کرنے کی بجائے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کیا۔ یہ اللہ تعالی کی ناشکری ہے کہ جس نے اپنے لطف و کرم سے یہ خوبصورت ملک ہمیں عطا فرمایا تھا۔

علامہ عارف واحدی نے کہا: آج ملک جن مشکلات کا شکار ہے اس میں عوام کی بے چینی قابل دید ہے۔ ہم سب سیاسی، مذہبی راہنماؤں اور ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے گذارش کریں گے کہ وہ سب آپس میں مل بیٹھ کر مذاکرات کے ساتھ تمام اختلافات کو حل کریں تاکہ مشکلات زدہ اور مہنگائی میں پسی ہوئی غریب عوام سکھ کا سانس لے اور ملک و ملت کی مشکلات حل ہوں۔

مسلمانوں میں انتشار اور فرقہ واریت پھیلانا امت کی کمزوری اور دشمن کی مضبوطی کا سبب بنتا ہے

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .